کراچی (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کے آنے سے امریکا میں بحران پھیل چکا ہے ٗ پاک امریکا تعلقات بھی مشکل وقت سے گزر رہے ہیں،غیر یقینی کے دور میں پاکستان کو اپنے حق کی بات کرنی چاہیے۔ایک انٹرویو
میں انہوں نے کہاکہ خطے سمیت دنیا بھر میں پاکستان کواپنے حق کیلئے آواز اٹھانی چاہیے،سابق سفیر حسین حقانی نے پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایالیکن ان کے بیان پر پیپلز پارٹی نے لا تعلقی کا اظہار کیا تھا۔ہمیں انڈس واٹر کمیشن سمیت انٹرنیشنل فورم پر معاملہ اٹھانا چاہیے ،پانی کو جنگ کا حربہ بنانا انسانی حقوق کے منافی ہے،کشمیر میں بھارت کے 5ہائیڈرو پلانٹ پر بھی ہمیں چوکنا رہنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے فیصلے عوام کرتی ہے ، کبھی کوئی الیکشن واشنگٹن میں طے نہیں ہوا،اس معاملے پر آصف علی زرداری کا آرٹیکل پہلے بھی واشنگٹن پوسٹ میں چھپ چکا ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاک افغان بارڈر بند ہونے سے ہماری معیشیت آدھی سے بھی کم ہوگئی ہے،پاکستان کو کروڑوں کا نقصان ہواہے۔افغانستان کو اپنے بارڈر کی صورتحال مزید بہتر بنانا ہوگی جبکہ مسائل کاحل نکالنے کے لئے مذاکرات بھی کرنا پڑیں گے۔