اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چوہدری اسلم کی شہادت، با اعتماد گارڈ نے حملے میں مرکزی کردار ادا کیا، پولیس افسران کیساتھ تعینات اہلکاروں کی سکروٹنی کا فیصلہ کر لیا، ایس پی سی ٹی ڈی کا پریس کانفرنس میں انکشاف۔تفصیلات کے مطابق ایس پی سی ٹی ڈی راجہ عمرخطاب نے
ایک پریس کانفرنس میں انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری اسلم کی شہادت میں مرکزی کردار ادا کرنے والا ان کابااعتماد گارڈ کامران تھا۔غدار گارڈ کامران نے چوہدری اسلم پر حملے کی ریکی کی اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر حملہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ چوہدری اسلم کی گاڑی میں بارودی مواد نصب نہیں کیا گیا تھا بلکہ حملہ خود کش تھا،غدار گارڈکامران کا تعلق کالعدم لشکرجھنگوی کے نعیم بخاری گروپ سے تھا۔چوہدری اسلم پر حملے میں کالعدم لشکر جھنگوی کا نعیم بخاری گروپ ملوث ہےاور یہ گروپ اس کے علاوہ بھی کئی بار ان پر حملے کرچکا تھا۔ راجہ عمر خطاب کا کہنا تھا کامران کے دہشت گردوں سے تعلق ثابت ہونے کے بعد پولیس افسران کے ساتھ تعینات اہلکاروں کی اسکروٹنی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ایس ایس پی سی ٹی ڈی نے کہا کہ گرفتار ملزمان سے تفیش کے بعد یہ باتیں سامنے آئی ہیں کہ کامران چوہدری اسلم کے گھر پربھی حملے میں ملوث تھا اور اُسی نے گاڑی پر بھی حملہ کروایا۔یاد رہے کہ دہشتگردوں کیلئے خوف کی علامت مانے جانے والے ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم تین سال قبل عیسیٰ نگری میں ہونے والے خود کش حملے میں جامِ شہادت نوش کرگئےتھے۔