نیویارک (این این آئی) ’’مسلمز فار ٹرمپ‘‘ نامی ممتاز فورم کے سربراہ ساجد تارڑ نے کہا ہے کہ صدرڈونلڈ ٹرمپ اسلام اور مسلمانوں کے نہیں، دہشتگردوں کیخلاف ہیں، امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کو امریکی سیاست کا حصہ بن کر ملک کی بہتری کیلئے کردار ادا کرنا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیویارک میں مقیم پاکستانیوں کے دوسرے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا- ساجد تارڑ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ
ڈونلڈ ٹرمپ اسلام اور مسلمانوں کے نہیں، دہشتگردوں کیخلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی امریکہ میں رہتے ہوئے پاکستان کی خدمت بھی کر سکتے ہیں۔دیگر مقررین نے بھی ساجد تارڑ کے مؤقف پر مہر تصدیق ثبت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کا نہ صرف امریکی سیاست، معاشرے اور معیشت میں نمایاں کردار ہے بلکہ وہ اپنے ملک پاکستان کی بھی خدمت کر رہے ہیں۔تقریب کے مہمان خصوصی نیویارک میں پاکستان کے کونسل جنرل راجا علی اعجاز تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں پاکستانی امریکیوں کو پاکستان کے سفیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کی کامیابیوں میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔