جرمنی،(نیوز ڈیسک)جرمنی کی اعلیٰ ترین عدالت میں اسکول ٹیچرز پر ہیڈ اسکارف پہننے پر پابندی کو ختم کر دیا ہے۔ جرمن شہر کالسروہے میں قائم اس عدالت کے مطابق پبلک اسکولوں کی خواتین اساتذہ پر 2003ء میں عائد کی گئی یہ پابندی ملکی آئین کے مطابق نہیں ہے۔ عدالت کے مطابق سر پر اسکارف لینے کی پابندی کا جواز محض اُسی صورت میں بنتا ہے جب یہ اسکول کے امن یا کسی صوبے کے غیر جانبداری کے لیے واقعی خطرہ ہو۔ محض خیالی خطرہ اس پابندی کے لیے کافی نہیں ہے۔ عدالت نے جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے ایجوکیشن ایکٹ کا کچھ حصہ بھی منسوخ کر دیا ہے، جس میں کرسچن اقدار اور روایات کو فروغ دینے کی بات کی گئی تھی۔ عدالت کے مطابق یہ دیگر مذاہب کے لیے ناموافق ہے، اس لیے یہ درست نہیں ہے۔