ممبئی(آئی این پی)بولی وڈ کے معروف اداکار سنیل شیٹی کے والد وراپا شیٹی 93 برس کی عمر میں گزشتہ رات انتقال کرگئے۔انڈین ایکسپریس کے مطابق سنیل شیٹی کے والد 2013 میں فالج کے حملے کے باعث سخت بیمار ہوگئے تھے اور جنوبی ممبئی کے ایک اسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں زیر علاج تھے ،یہ تقریباً وہ ہی وقت تھا جب سنیل شیٹی کی بیٹی اتھیا شیٹی بولی وڈ میں اپنی پہلی فلم ‘ہیرو’ کے ذریعے اینٹری دینے والی تھیں۔
لیکن سنیل کے لیے اس وقت بیٹی سے زیادہ ان کے والد اہم تھے،ایک بار انہوں نے انٹرویو کے دوران کہاتھا کہ ‘ان کے والد ان کے حقیقی ہیرو ہیں،اور ان کی زندگی اور صحت سے زیادہ میری زندگی میں کوئی اہم نہیں ہے۔یہاں تک کہ انہوں نے اپنے والد کی بیماری کے باعث کوئی فلم بھی سائن نہیں کی ،ان کا کہنا تھا کہ میں تین ماہ سے مکمل نیند نہیں سو سکا۔خیال رہے کہ وراپا شیٹی نے 9 برس کی عمر سے ہی کام کرنا شروع کردیا تھا ،انہوں نے اپنی محنت اور لگن سے ہوٹل کی صورت میں ایک پورا ایمپائر کھڑا کیا تھا ،جبکہ سنیل شیٹی کا رجحان فلموں کی جانب تھا ،لیکن وہ اپنے والد کے بزنس میں بھی ان کا ہاتھ بٹاتے تھے،یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ سنیل شیٹی اداکار سے زیادہ بہترین بزنس مین تھے۔