لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) حج آپریٹرز ابھی سے غیرملکی کرنسی کا بندوبست کر لیں۔ اخراجات کا 30 فیصد ترسیل کرنا ہو گا۔ سٹیٹ بینک نے احکامات جاری کر دیئے۔حج کی تیاریاں شروع ہو گئیں، عازمین حج کو مکمل سہولیات فراہم کرنے اور کسی بھی پریشانی سے بچانے کے لئے سٹیٹ بینک نے حج آپریٹرز پر کڑی نگرانی کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے بینک نے تمام حج آپریٹرز کو یہ ہدایت دی ہے
کہ وہ ابھی سے سعودیہ عرب میں مکتب، رہائش، ٹرانسپورٹ اور کھانے پینے کے علاوہ دیگر انتظامات مکمل کر لیں۔سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ حج آپریٹرز اپنے کوٹے سے متعلق آگاہ کریں اور کُل اخراجات کا تخمینہ لگا کر غیرملکی کرنسی کا بندوبست شروع کر دیں۔ اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حج آپریٹرز کو کُل اخراجات کا 30 فیصد حصہ ابھی سے ترسیل کرنا ہو گا تاکہ عازمین حج کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔