اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے ٗہمارے سٹریٹجک تعاون پر مبنی تعلقات علاقائی امن و استحکام کیلئے مستحکم بنیادیں فراہم کرتے ہیں وہ چائنیز پیپلز انسٹی ٹیوٹ آف فارن افیئرز کے وفد سے بات چیت کررہے تھے
جنہوں نے ہفتہ کو یہاں سفیر لو شومن کی سربراہی میں ان سے ملاقات کی۔وفد سے بات چیت کرتے ہوئے مشیر خارجہ نے کہا کہ پاک چین دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے، یہ دوستی باہمی عزت و احترام اور اعتماد پر استوار ہے۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ اس طرح کے سینئر تجربہ کار سکالرز، سفارتکاروں اور معزز شہریوں پر مشتمل وفود کے تبادلوں سے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان رابطے مزید مستحکم ہوں گے۔اس موقع پرلو شو من نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو اسلام آباد کونسل آف ورلڈ افیئرز (آئی سی ڈبلیو اے) کیساتھ منعقدہ مشاورت کے حوالے سے بریف کیا۔ چینی وفد آئی سی ڈبلیو اے کی دعوت پر پاکستان کے تین روزہ دورے پر ہے۔ وفد نے پاکستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کی سخت مذمت کی اور دہشت گردی و شدت پسندی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔ ایڈیشنل سیکرٹری(ایشیاء پیسفک)سید ذوالفقار گردیزی نے وزارت خارجہ امور کی جانب سے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔