ملتان(آئی این پی)ڈرگ ایکٹ میں ترمیم کیخلاف کیمسٹ ایسوسی ایشن کی کال پر ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں میڈیکل سٹورز نے شٹرڈاؤن ہڑتال کی،ملتان شہر میں بھی میڈیکل سٹورز مکمل طور پر بندرہے جبکہ گھنٹہ گھر ،چوک نواں شہرسمیت شہر کے کئی علاقوں میں کیمسٹ ایسوسی ایشن کی کال پردھرنے دئیے گئے اور ریلیاں نکالیں گئیں،دن بھر شٹرڈاؤن ہڑتال کے بعدکیمسٹ اینڈ ریٹیلرایسوسی ایشن نے احتجاج ملتوی کرتے ہوئے مذاکرات کیلئے حکومت کو24گھنٹے کی ڈیڈ لائن دے دی،
قبل ازیں کیمسٹ اینڈ ریٹیلرایسوسی ایشن نے گھنٹہ گھر چوک میڈیسن مارکیٹ کو مکمل بندکرکے ،نواں شہر چوک تک احتجاجی ریلی نکالی،احتجاجی ریلیوں کی وجہ سے اہم سڑکیں بند ہونے سے شہری دن بھرخوار ہوتے رہے جبکہ شہر کے اکثرعلاقوں میں بدترین ٹریفک جام بھی دیکھنے میں آیا،احتجاجی مظاہرین کے شرکاء نے پنجاب ترمیمی ڈرگ ایکٹ کو کالاقانون قرار دیتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔مظاہرین کاکہناہے کہ سخت سزاوں والے ترمیمی بل کی واپسی تک میڈیکل اسٹورز نہیں کھولیں گے۔