اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کا خاتمہ یقینی بات ہے لیکن دنیا کے خاتمے کے متعلق کئی پیش گوئیاں اور کئی سازشی نظریات موجود ہیں جن میں وقت کیساتھ ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اس ہی طرح کے ایک اور نئے نظرئیے کا اضافہ ہو گیا ہے جس کے مطابق ہماری زمین رواں سال اکتوبر میں نیست و نابود ہو
جائے گی۔ حالیہ سازشی نظریئے کا خالق ڈیوڈ میڈے نامی مصنف ہے جس نے کتاب لکھی ہے جس کا نام ’’پلانٹ ایکس۔دی 2017ارائیول‘‘ (Planet X ۔ The 2017 Arrival)ہے۔ ڈیوڈ نے کتاب میں لکھا ہے کہ پلانٹ ایکس نامی سیارہ اپنے مدار سے بھٹک کر ہماری زمین کی طرف بڑھ رہا ہے جو اکتوبر 2017 میں زمین سے ٹکرا جائے گا۔ پلانٹ ایکس اپنے ساتھ 7دیگر سیارے بھی زمین کی طرف لائے گاجن میں ایک نبیرو(Nibiru)نامی سیارہ بھی شامل ہے۔نیبرو کے متعلق 2013ء سے پیش گوئیاں کی جا رہی ہیں کہ اس کے زمین سے ٹکرانے کے باعث یہاں زندگی کا خاتمہ ہو جائے گا۔یہ نیلے رنگ کا بہت بڑا سیارہ ہے۔ بعض سازشی نظریات میں نبیرو ہی کو پلانٹ ایکس کہا گیا ہے جس کے متعلق قیاس کیا جاتا ہے کہ یہ ہمارے نظام شمسی کے کنارے پر موجود ہے۔ سازشی نظریات کے مطابق کئی سو سال قبل کشش ثقل کے باعث نبیرو اپنے مدار سے بھٹک گیا تھا اور اب تک یہ کئی اور سیاروں کو بھی ان
کے مداروں سے باہر نکال چکا ہے۔ مدار سے نکلنے کے باعث نبیرو زمین کے قریب تر آتا جا رہا ہے اور رواں سال اکتوبر میں اس سے ٹکرا جائے گا۔ ناسا کا کہنا ہے کہ ’’نبیرو اور دیگر ایسے بے راہرو سیاروں کے متعلق پھیلائی جانے والی کہانیاں فریب اور دھوکے بازی کے سوا کچھ نہیں۔ درحقیقت ایسا کوئی سیارہ وجود ہی نہیں رکھتا۔