پیرس(آئی این پی)فرانس کے شہر پیرس میں نوجوان سے بدفعلی کے بعد ہنگامے جاری ،پولیس نے 17افراد کو گرفتارکرلیا،مظاہرین نے 10 گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا اورپٹرول بم بھی پھینکے۔غیر ملکی میڈیاکے مطابقفرانس کے شہر پیرس میں نوجوان سے بدفعلی کے بعد ہنگاموں کاسلسلہ جاری ہے ۔
پولیس نے مسلسل چوتھی رات ہنگامہ آرائی کے بعد متعدد نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ہے۔اس واقعے میں تقریبا دس گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا گیا تھا جبکہ مظاہرین نے پٹرول بم بھی پھینکے۔ ہنگامے اب شہر کے مزید پانچ علاقوں تک بڑھ گئے ہیں۔پولیس نے ہنگامہ آرائی کرنے والوں میں سے 17 افراد کو اب تک حراست میں لے لیا ہے۔یاد رہے کہ چار دن پہلے شروع ہونے والے ان واقعات کی وجہ پیرس کے شمال مشرقی مضافاتی علاقے اونے صوبوا میں مبینہ طور پر ایک سیاہ فام نوجوان پر پولیس کے تشدد اور پولیس کے ڈنڈے کی مدد سے بدفعلی کرنا ہے۔اس واقعے میں ایک پولیس اہلکار پر بدفعلی جبکہ بقیہ تین پر تشدد کا الزام ہے لیکن چاروں نے اس الزام کی تردید کی ہے جبکہ تفتیش ابھی بھی جاری ہے۔فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے مبینہ بدفعلی کے شکار نوجوان تھیو کی عیادت کی جو کہ پیرس کے مضافاتی علاقے کے ہسپتال میں منگل سے زیر علاج ہے۔