لاہور (آن لائن) نندی پور پاور پراجیکٹ مستقل بنیادوں پر چلانے کیلئے وزارت پانی و بجلی نے چین کی کمپنی کو 10 برس کیلئے ٹھیکے پر دیدیا ہے۔ اس حوالے سے جینکو کے زیر انتظام ناردرن پاور جنریشن کمپنی لمیٹڈ اور چین کی ہائیڈرو پاور سسٹم انجینئرنگ کمپنی (HEPSEC) کے درمیان معاہدے پر گزشتہ روز دستخط ہوئے۔ اس اقدام کا مقصد اخراجات کو کم کرنا ہے۔
وزارت پانی و بجلی نے کہا ہے کہ جولائی 2015ءسے یہ منصوبہ فرنس آئل پر چل رہا ہے مگر مستقبل میں اس منصوبے کو گیس پر منتقل کردیا جائیگا جس کیلئے 88 کلومیٹر لمبی پائپ لائن بچھائی جا رہی ہے۔ توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ اپریل 2019ءتک اس منصوبے کو گیس پر منتقل کر دیا جائے گا جس کے بعد نندی پور پاور پراجیکٹ کی پیداواری صلاحیت میں 100 میگا واٹ اضافہ ہوجائیگا۔ گیس پر منصوبہ منتقل ہونے سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 425 سے بڑھ کر 525 میگا واٹ ہوجائیگی۔ وزارت کی جانب سے معاہدہ میں نندی پور پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے انجینئرز اور ملازمین کے مستقبل کے حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔