اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بیرون ممالک مقیم بھارتی کمیونٹی کشمیر کاز کی حمایت کرتے ہیں،اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر مجرمانہ خاموشی برتی جا رہی ہے، سلامتی کونسل میں دیرینہ مسئلہ کے حل کیلئے بحث کا آغاز ہونا چاہئے، مسعود خان کی میڈیا سے گفتگو۔ تفصیلات کے مطابق سابق ڈپلومیٹ صدر آزادکشمیر مسعود خان نے کہا ہے کہ
بیرون ممالک میں مقیم بھارتی کشمیر کاز کی حمایت کرتے ہیں۔اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل پر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، کشمیر ایشو پر اقوام متحدہ کا کردار دوغلے پن کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام دبائو اور قربانیوں کے باوجود کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، تحریک آزادی کشمیر کو کشمیری عوام نے خون دے کر زندہ رکھا ہوا ہے۔ بھارتی ریاستی دہشتگردی سے کشمیری عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے اور انہیں مسلسل شدید مظالم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر کیلئے صرف ایک دن منانا کافی نہیں بلکہ عملی اقدامات کرنے ہوں گے، یوم یکجہتی کشمیر سے کشمیری عوام کو مثبت پیغام ملے گا۔