نوشکی (آئی این پی) نوشکی میں لاپتہ بارات کو لیویز اورایف سی کی مشترکہ ٹیم نے ڈھونڈ نکالا، ایک بچہ سردی سے جاں بحق، ایک کی حالت تشویشناک، لوگوں نے زمینداروں کی خستہ حال جھونپڑیوں میں پناہ لی،ادھر ایران سے آنے والے زائرین کی پینتالیس بسیں تفتان میں پھنس گئیں۔تفصیلات کے مطابق متاثرین کی مدد کے لئے ہیلی کاپٹر روانہ کر دیا گیا ہے۔چھ گاڑیوں پر مشتمل بارات میں دلہا دلہن سمیت 65افراد شامل ہیں۔ قافلے میں 40 خواتین و بچے جبکہ 20 مرد شامل ہیں۔لیویز ذرائع کے مطابق چاغی سے نوشکی آنے والیباراتیوں کی گاڑیاں شدید برف باری کے باعث رات گئے زارو کے مقام پر پھنس گئیں
جس کا فاصلہ نوشکی سے تقریبا 80کلو میٹر ہے۔ڈپٹی کمشنر نوشکی کا کہنا ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے پھنسے 65 سے زائد باراتیوں کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔ لاپتہ بارات کا سراغ ملتے ہی ایف سی اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں روانہ کر دی گئیں۔ریسکیو آپریشن میں ہیلی کاپٹر کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔ وزیراعلی بلوچستان نے پھنسے باراتیوں کا نوٹس لیتے ہوئے پی ڈی ایم اے بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کر دی کہ جلد خوراک اور طبی امداد پہنچا کر پھنسے باراتیوں کو ریسکیو کیا جائے۔ذرائع کے مطابق باراتی قافلہ خراب موسم کے باعث راستہ بھٹک گئے۔ قافلہ کل شام 5 بجے چاغی سے نوشکی روانہ ہوا۔ باراتیوں کا تعلق کلی قادرآباد نوشکی سے ہے۔