اسلام آباد (این این آئی) امریکا نے پاکستانیوں سے متعلق ویزا پالیسی کی وضاحت کردی، سفارتخانے کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کیلئے پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سے متعلق ویزا پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے پاکستان سے
متعلق کوئی نئی ہدایات جاری نہیں کیں، پاکستان میں موجود سفارتخانہ اور تمام قونصلیٹ معمول کے مطابق کام کررہے ہیں۔واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے 7 مسلمان ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کے اعلان کے بعد اس خدشے کا بھی اظہار کیا جارہا ہے کہ پاکستان پر بھی ایسی پابندی لگ سکتی ہے۔نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران، شام، لیبیا، یمن، مصر، صومالیہ اور سوڈان کے شہریوں کے امریکا داخلے پر پابندی عائد کی ہے، جس کے بعد سے امریکا سمیت دنیا بھر میں انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔