کراچی (نیوز ڈیسک)ایم کیو ایم کی جانب سے الطاف حسین کی رہائش گاہ نائن زیرو پر رینجرز کی کارروائی کے خلاف آج ملک بھر میں پر امن یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رینجرز نے نائن زیرو پر چھاپہ مار کر ایم کیو ایم رہنماؤں عامر خان، عبدالحسیب، ڈاکٹر سلیم دانش، ارشد حسین، ڈاکٹر ایوب شیخ اور رکن سندھ اسمبلی ریحان ظفر سمیت متعدد رہنماؤں کو گرفتار کیا اور توڑ پھوڑ بھی کی جس کے خلاف آج ملک بھر میں یوم احتجاج منایا جارہا ہے۔ ایم کیو ایم کے جاری اعلامیے میں تاجر برادری اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی گئی ہے کہ بطور احتجاج آج اپنا کاروبار بند رکھیں۔ دوسری جانب پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے آج تمام اسکولز بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایم کیو ایم نے وزیراعظم نواز شریف سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ الطاف حسین کی رہائش گاہ نائن زیرو پر چھاپے کا نوٹس لیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔