لندن: برطانیہ میں ریلوے لائن بچھانے کے لئے کھدائی کے دوران سیکڑوں برس پرانے انسانی ڈھانچے اور قدیم رومن دور کے نادر و نایاب نمونے برآمد ہوئے ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق لندن کے مشرقی اور مغربی حصے کو ملانے کے لئے ریلوے لائن بچھانے کا کام جاری تھا کہ کھدائی کے دوران تعمیراتی عملے کو انسانی باقیات ملیں جس پر مقامی انتظامیہ نے ماہرین آثار قدیمہ کو بلایا۔ جس نے کھدائی کے دوران 3 ہزار انسانی ڈھانچے برآمد کرلئے، ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ انسانی ڈھانچے 16 اور 17 ویں صدی کے ہیں تاہم تاریخ میں یہاں کسی قبرستان کا ریکارڈ نہیں۔ کھدائی کے دوران قبرستان سے ہی ماہرین کو قدیم رومن دور کے نادر ثقافتی نمونے بھی ملے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ انسانی ڈھانچوں اور نادر نمونوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جارہا ہے۔ جہاں انسانی ڈھانچوں کا تجزیہ کرکے ان کی موت کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جائے گی۔