کراچی (این این آئی) سول سوسائٹی کی جانب سے اسلام آباد یونیورسٹی کے پروفیسر سلمان حیدر، سرمدعباس اور استاد محمد رحیمو سمیت دیگر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے جمعرات کو کراچی آرٹس کونسل کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرے کی قیادت سول سوسائٹی کے رہنما اسد اقبال بٹ،انیس ہارون،شیما کرمانی و دیگر کر رہے تھے ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز ، پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ان لاپتہ افراد کی بازیابی کے حق میں نعرے درج تھے ۔
اس موقع پر سو ل سائٹی کے رہنما اسد اقبال بٹ نے میڈیا کو بتایا کہ وہ آرٹس کونسل کے باہر پر امن مظاہرہ کر رہے تھے اور اپنے مظاہرے کو پر امن طور پر ریلی کی شکل میں پریس کلب لے جانا چاہتے تھے تاہم وہاں ایک مذہبی تنظیم کا مظاہرہ ہورہا تھا جس پر پولیس نے ہمارے مظاہرے کو آرٹس کونسل تک محدود کردیا۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ مذہبی گروپ کے افراد نے ان کے مظاہرے پر پتھراؤ کیا جس کے باعث مظاہرے میں شریک کچھ لوگ زخمی ہوئے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ ا س پتھراؤ کے باعث بھگدڑ مچ گئی تھی تاہم پولیس نے صورتحا ل پر قابو پالیا۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان لاپتہ افراد کو فوری بازیاب کرایا جائے ، انتہا پسندی کی سوچ رکھنے والے افراد کے خلاف کاروائی کی جائے ۔واضح رہے کہ سول سائٹی کے مظاہرے میں بھگدڑ مچنے کے باعث آرٹس کونسل اور اطراف کی شاہراؤں پر ٹریفک جام ہوگیاتاہم بعد میں پولیس نے صورتحال پرقابو پالیا جس کے نتیجے میں مظاہرہ پر امن طور پر ختم ہوگیا اور ٹریفک کی روانی بحال ہوگئی ۔