اسلام آباد(آئی این پی)وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے سینیٹ کو بتایا کہ حکومت نے ترک حکومت کی درخواست پر پاک ترک سکولز کے ترک اساتذہ کے ویزے میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جمعرات کو سینٹ میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت نے کہا کہ اسلام آباد اور اس کے نواحی علاقوں میں غیر ملکیوں کی تعداد کا اندازہ لگانے کے لئے ایک جامع سروے کیا گیا۔ رجسٹریشن بھی کی گئی۔ اس وجہ سے صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس ویزہ کی توسیع کا اختیار وزارت داخلہ کے پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک ترک سکولز کے ترکی کے اساتذہ کے معاملے پر ترکی کی طرف سے سرکاری طور پر درخواست آئی تھی جس کی وجہ سے حکومت نے ان کے ویزے کی مدت میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ تعلیم اور ملازمت کے انٹری اور توسیعی ویزے وزارت داخلہ جاری کرتی ہے۔ بزنس فرینڈلی ممالک سے تعلق رکھنے والے باشندوں کو مطلوبہ دستاویزات پیش کرنے پر ملک میں آمد کے وقت ویزہ دیا جاتا ہے۔