ملتان(آئی این پی)پیپلزپارٹی 10فروری کو ملتان میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی ،جلسہ سے چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کی تنظیموں نے جلسہ کے سلسلے میں تیاریاں شروع کردی ہیں۔پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق ملتان میں منعقدہ عوامی جلسے میں اہم سیاسی شخصیات کی پارٹی میں شمولیت متوقع ہے۔اس حوالے سے پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے جنوبی پنجاب کی تنظیموں کوہدایت دے دی ہے کہ وہ جنوبی پنجاب کے ناراض رہنماؤں کوپارٹی میں دوبارہ لانے کیلئے ان سے رابطے کریں ۔دوسری طرف چئیرمین بلاول بھٹوزرداری نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو بھی بلاول ہاؤس لاہور بلالیا ہے ،جن سے ملاقات میں پیپلزپارٹی کے جنوبی پنجاب اور ملتان جلسے اور ریلیوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔