اسلام آ باد ( آ ئی این پی ) وفاقی وزیر خزانہ اسحا ق ڈار نے اسٹیٹ بنک کوچین سے لئے گئے 500ملین ڈالر قرضہ واپس ادا کرنے کی ہدایت کر دی،چین سے یہ قرضہ 2009میں کرنٹ اکا ؤنٹ کی کمزور حالت کی وجہ سے لیا گیاتھا۔منگل کو وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحا ق ڈار نے اسٹیٹ بنک کو ہدایت کی ہے کہ وہ چین سے لئے گئے 500ملین ڈالر کی ادائیگی کرے۔اس قرضے کی ادائیگی 23جنوری کو کی جانی ہے۔
ملک کی مضبوط میکرو اکنامک صورتحا ل اور زرمبادلہ کے ذخائر میں استحکام کی بدو لت حکومت نے قرضہ کی ادائیگی میں مزید ایک سال کی توسیع کے بجائے قرضہ کی ادائیگی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ وزیر اعظم سے اس حوالے سے پہلے ہی منظوری لے چکے ہیں۔وزیراعظم نوازشریف نے چین کے وزیر اعظم کو 2009میں پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ کی کمزور حالت کی وجہ سے سپورٹ فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔