نان چینگ (آئی این پی ) پانی کے ایک بڑے ذخیرے زوئی زیان جھیل میں سے بدھا کا سر ابھرنے پر ماہرین آثار قدیمہ نے بدھا کے مجسمے کی تلاش شروع کر دی ہے ،پانی کا یہ بڑا ذخیرہ چین کے مشرقی صوبے جیانگ زی میں ہے جہاں دیہاتیوں نے بدھا کے مجسمے کا سر پانی سے ابھرتا ہوا دیکھا ،
دیہاتیوں نے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں آگاہ کیا چنانچہ انہوں نے پانی سے بدھا کے مجسمے کی تلاش شروع کر دی ہے۔ماہرین آثار قدیمہ کا خیال ہے کہ یہ مجسمہ منگ بادشاہوں کے دورکا ہو سکتا ہے اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ پانی کے اندر کوئی مقبرہ موجود ہو جس میں اور باقیات بھی پائی جائیں ، زیر آب تلاش کیلئے ہر قسم کے آلات استعمال کئے جائیں گے ،پانی کی یہ جھیل زوئی زیان جھیل کے نام سے مشہور ہے جو 1958ء میں بنائی گئی تھی ، اس میں 1.2ارب کیوبک میٹر پانی موجود ہے ،اس سے صوبہ جیانگ زی اور فوجیان کو پانی فراہم کیا جاتا ہے ۔