کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سلمان تاثیر کی پانچویں برسی پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے، اپنے پیغام میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ سلمان تاثیر نے یہ ثابت کرکے دکھایا کہ یہ ملک سب کے لیے ہے اوربانیان وطن کے نظریے کے پیروکارہر سچے پاکستانیکا فرض بنتا ہے کہ وہ اقلیتوں سمیت تمام کمزور طبقات کا تحفظ کرے،بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ متعصب عناصر کی جانب سے اپنے کمزور مخالفین کو دبانے اور اپنی ذاتی مرضی تھوپنے کے خلاف اور تمام مذاہب کے تقدس کے تحفظ کے لیے سلمان تاثیر چٹان کی طرح کھڑے رہے،انہوں نے کہا کہ انتہاپسند اور متعصب عناصر دہشتگردی کو پروان چڑہا رہے ہیں ، پاکستان کے عوام کو ان بیماریوں سے چھٹکارہ حاصل کرنا پڑے گا اور مساوات پر مشتمل ایک ایسامسلم اکثریتی معاشرہ بنانا چاہیے جو کہ نہ صرف اسلامی دنیا بلکہ ماڈرن دنیا کے لیے بھی ایک ماڈل قوم کی طرح بلند کھڑا ہو، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کچھ عناصر قانون کا استحصال کرکے عوام کو بندوق کے زورپر یرغمال بنانا چاہتے ہیں لیکن انہیں پتا نہیں ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور ان کے سلمان تاثیر جیسے اور دیگر پیروکاروں کے ہوتے ہوئے پاکستان میں ان کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔