لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈرون کے ذریعے دنیا کی پہلی ڈلیوری، بین الاقوامی ریٹیلر اور انٹرنیٹ کی دنیا کی معروف آن لائن کمپنی ایمیزون نے صارفین کو ڈرون کے ذریعے سامان کی ترسیل شروع کر دی۔ ایمیزون کمپنی نے سامان کی خریداری کے تیرہ منٹ بعد ہی اس کی ڈلیوری کو یقینی بنایا۔ کمپنی کے بانی نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ڈرون کے ذریعے کی جانے والی دنیا کی پہلی ڈلیوری کی تصدیق کی۔
اس نظام کو ” ایمیزون پرائم ایئر“ کا نام دیا گیا ہے۔ برطانیہ کے شہر کیمبرج میں ایک خریدار نے انٹرنیٹ سے ایمیزون فائر ٹی وی باکس کا آرڈر دیا جس کے صرف تیرہ منٹ بعد ہی خریدار کو اس کا سامان پاپ کارن کے پیکٹ کے تحفے کے ساتھ پہنچا دیا گیا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کا یہ نظام ڈرون کے ذریعے پانچ پاؤنڈ تک وزن کا سامان تیس منٹ کے اندر خریدار تک پہنچایا جا سکے گا۔