کین کن (آئی این پی )چینی سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے میکسیکو خصوصی اقدامات کررہا ہے ، اس سلسلے میں حال ہی میں میکسیکو کے ٹریول آپریٹر ز نے چینی مارکیٹ کا جائزہ لینے اور اپنے سیاحتی کاروبار کو فروغ دینے کیلئے بیجنگ کا دورہ کیا ہے جس کامقصد ان دس کروڑ چینیوں کو میکسیکو کی طرف راغب کرنا
ہے جو ہر سال بیرون ملک سفر کرتے ہیں۔یہ بات میکسیکو کے وزیر سیاحت این ریک ڈی لا میڈرڈ نے یہاں ایک انٹرویو میں کہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم سیاحت کے فروغ کیلئے دو بڑے اقدامات پر کام کررہے ہیں سب سے پہلے مرحلے کے طورپر چین اور میکسیکو کے درمیان ہوائی سروس کو بہتر بنانا ہے جبکہ دوسرے
مرحلے میں میکسیکوکے سیاحتی مقامات کو چینی اور ایشیائی سیاحوں کیلئے پرکشش بنانا ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ سیاح ہمارے ملک آئیں ، اس کے لئے ہم ویزے کی شرائط بھی نرم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سال کے پہلے سات ماہ میں 40ہزار چینیوں نے میکسیکو کا رخ کیا ،چین ایشیائی ممالک میں تیسرا بڑا ملک ہے جس کے شہر ی میکسیکو آتے ہیں ، چین کا ہرآنے والا سیاح اوسطاً 2266امریکی ڈالر خرچ کرتا ہے ۔