اسلام آباد (آئی این پی ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے وزیر اعظم کے بچوں کی آف شور کمپنیوں سے متعلق دستاویز سپریم کورٹ میں جمع کرادیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے مزید شواہد سپریم کورٹ میں پیش کر دئیے ہیں ، شیخ رشید کے شواہد وزیر اعظم کے بچوں کی آف شور کمپنیوں نیلسن اور نیسکول سے متعلق ہیں جنہیں جمع کرانے کا مقصد ان کمپنیز کی ملکیت ثابت کرنا ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ انصاف بھی ملے گا ثبوت بھی آئیں گے اور سیاسی تابوت بھی اٹھیں گے۔’’ بینچ سے استدعا کرونگا کہ پہلے مجھے سن لیا جائے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ میرا کیس انتہائی سادہ ہے ،آرٹیکل 62 اور 63 کا اطلاق ہی میری استدعاہے کیونکہ اس کیس میں12افرادنااہل ہوئے انکے کیس نوازشریف سے کمزورتھے۔ یاد رہے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں قائم سپریم کورٹ کا 5رکنی لارجر بینچ (آج ) پاناما لیکس کیس کی سماعت کریگا۔ گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی وزیر اعظم کے لندن فلیٹس کے حوالے سے کچھ دستاویز سپریم کورٹ میں جمع کرائی تھیں۔