لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے بعض رہنماؤں نے قیادت کو پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنے کی بجائے آئندہ عام انتخابات کی تیاریاں شروع کرنے کی تجویز دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پانامہ کیس چلتا رہے گا ہمیں آئندہ کے حوالے سے منصوبہ بندی اور تیاری کرنی چاہیے ۔پانامہ کیس میں اگر ہمارے حق میں بھی فیصلہ آیا تو صرف وزیر اعظم نے ہی تبدیل ہونا ہے ۔
اس لئے آئندہ عام انتخابات کے سلسلہ میں رہنماؤں کو ذمہ داریاں سونپ کر ہوم ورک شروع کرنے کے احکامات دئیے جائیں۔ ان رہنماؤں نے مزید کہا ہے کہ ہمیں 2013ء کے عا م انتخابات کی اپنی کوتاہیوں کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے ۔ قومی و صوبائی حلقوں میں مضبوط امیدوار دینے کیلئے مشاورت کا سلسلہ شروع کیا جائے ۔ خیبر پختوانخواہ حکومت کی کامیابیوں اور تعلیم ،صحت اور پولیس کے نظام میں کی جانے والی اصلاحات کو بذریعہ اشتہارات اور تقریبات کے ذریعے ملک بھر میں اجاگر کیا جائے ۔