نیویارک، نئی دہلی( آن لائن )امریکی صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے ساتھ ہی بھارت میں انتہائی دائیں بازو کی تنظیم ’ہندو سینا‘ نے نئی دہلی میں جشن منایا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق قوم پرست ہندو تنظیم ’ہندو سینا‘ کے سربراہ وشنو گپتا نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی ان کی فتح کا اعلان ہونے سے قبل ہی سڑکوں پر نکل گئے تھے، وہ روایتی ڈھول اور باجوں کی دھن پر رقص کررہے تھے جبکہ مٹھائیاں
بھی تقسیم کی گئیں۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے مسلم مخالف بیانات سے بھارت میں کچھ حلقوں کو خاصی خوشی ہوئی تھی اور انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت شروع کردی تھی۔گپتا نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں تمام مسلمانوں کے امریکا داخل ہونے پر پابندی لگانے کی بات کی تھی اور ان کے اس پیغام کی گونج کافی دور تک گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تو پانچ دن پہلے ہی پیش گوئی کردی تھی کہ ٹرمپ جیت جائیں گے ، یہاں ان کے بے پناہ حامی موجود ہیں۔گپتا نے کہا کہ ’اب دہشت گردوں کا دنیا کے ہر کونے میں تعاقب کیا
جائے گا، اب صرف خدا ہی پاکستانیوں کی مدد کرسکتا ہے، دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں اب بھارت کو امریکا کا تعاون حاصل ہوگا، ہم ساتھ مل کر اس سے لڑیں گے‘۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ڈونلڈ ٹرمپ وہ سب کچھ کریں گے جو آج تک کوئی امریکی صدر نہیں کرسکا، ہم خوش ہیں ، اب تمام دہشت گردوں کو بھاگ کر کہیں چھپ جانا چاہیے‘۔یاد رہے کہ ’ہندو سینا‘ نے رواں برس مئی میں ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ایک دعائیہ تقریب بھی منعقد کی تھی اور ٹرمپ کو انسانیت کا مسیحا قرار دیا تھا۔