اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت نےپاسپورٹ کی فیس میں اضافہ کردیا اوریہ اضافہ آئندہ سال سے وصول کیا جائے گا۔سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق آن لائن نئے فیس کا اسٹرکچر تیارکر لیا گیا ہے، نئے آن لائن سسٹم کے ذریعے 10سال کے لئے 36صفحات پر پاسپورٹ بنانے کیلئے 5400روپے فیس ادا کرنے کے ساتھ ساتھ 1880روپے ہوم ڈلیوری فیس ، 1875روپے نادرا فیس ، 625روپے پاسپورٹ آفس ہیڈ کوارٹرفیس اور 400روپے الگ ٹیکس ادا کرنا ہوگا،
اس طرح مجموعی پاسپورٹ فیس 10180روپے ہوگی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پانچ سال کیلئے 36 صفحات کا پاسپورٹ بنانے کیلئے 3000 ہزار بینک پاسپورٹ فیس اور دیگر اخراجات سمیت مل کر7780روپے ادا کرنے ہونگے۔دس سال کا 72 صفحات کا پاسپورٹ بنانے کے لئے 9990روپے بینک اور دیگر اخراجات سمیت 14770روپے وصول کئے جائینگے۔ پانچ سال کا ارجنٹ پاسپورٹ بنانے کے لئے پانچ ہزار روپے بینک فیس ، 1875روپے نادرا فیس ، 1880روپے ہوم ڈلیوری فیس ، 400روپے ٹیکس کی رقم اور 625روپے پاسپور ٹ ہیڈ کوارٹر فیس لی جائیگی۔