واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے بھی کوئٹہ کے پولیس ٹریننگ سینٹرمیں ہولناک دہشت گردی کی مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ جان کربی کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کے پولیس ٹریننگ سینٹر پردہشت گردی کا واقعہ افسوسناک ہے جس میں قیمتی جانی نقصان ہوا۔جان کربی کا کہنا تھا کہ امریکا اس مشکل صورتحال میں پاکستان اور عوام کے ساتھ ہے۔ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں ۔امریکی محکمہ خارجہ نے جاں بحق اہلکاروں کے خاندانوں اور زخمیوں سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔واضح رہے کہ کوئٹہ کے پولیس ٹریننگ سینٹر پردہشتگردو ں کے حملے میں انسٹھ اہلکار شہید جبکہ پاک فوج کے چار اہلکاروں سمیت ایک سو بائیس زخمی ہوئے۔ تین حملہ آور بھی مارے گئے۔ پاک فوج اور ایف سی کے کمانڈوز نے چار گھنٹے طویل آپریشن کے بعد ٹریننگ سینٹرکو کلیئرقراردیا۔