لاہو(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نےاتوار کے روزویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصور کے دورے کے دوران صفائی اورطبی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے صورتحال دیکھ کردکھ ہوا ہے ۔ہسپتال انتظامیہ کو تمام تر اختیارات اور وسائل فراہم کیے گئے ہیں اورہسپتالوں میں صفائی اورطبی سہولتوں کو بہتر سے بہتر بنانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کے زخمو ں پر مرہم نہ رکھنے والے افسران کا عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ ہسپتالوں کو ٹھیک کرنے کیلئے جزا اور سزا کا کڑانظام قائم کرنا ہوگا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال قصور میں صفائی اورطبی سہولتوں کی بہتری کیلئے فوری اقدامات کر کے نتائج دےئے جائیں ۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصور کے دورے کے دوران سامنے آنے والے مسائل اوردیگر امور کا جائزہ لیاگیا۔مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق،چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اورمتعلقہ حکام نے سول سیکرٹریٹ جبکہ ڈی سی او قصور،ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصور اورمتعلقہ حکام نے قصور سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔