کراچی(نیوز ڈیسک )فیریئر ہال کراچی کے خوبصورت اور سہانے موسم میں سجائی گئی، وینٹج کار کلب کی جانب سے بے شمار نایاب گاڑیاں جنہیں دیکھنے کے لیے سیاسی اور سماجی افراد دوڑے چلے آئے، یہ ہے جدید اور قدیم گاڑیوں کا گالا، جس میں موجود ہیں 18ویں اور 19 ویں صدی کی کئی گاڑیاں ہر گاڑی کا معیار الگ ہے تو ہر گاڑی کو دیکھنے والے بھی الگ ہیں، چھوٹی گاڑی کی پذیرائی ہورہی ہے تو بڑی گاڑی کو پسند کرنے والے اسے اپنانے کی سوچ رکھ رہے ہیں۔ گاڑیوں کی نمائش میں سابق صوبائی وزیر میر نادر مگسی نے بھی اپنے گھر کی 5 گاڑیاں رکھی ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن بھی پیچھے نہ رہے۔ نمائش میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بولے کہ کراچی میں آزادانہ طور پر شہری تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔ پاکستان بھر سے لوگوں نے نمائش میں نہ صرف گاڑیاں دیکھنے آئے ہیں بلکہ گاڑیوں کے شوقین افراد نے اپنی گاڑیاں سجائی بھی ہیں۔ قیمتی اور نایاب گاڑیوں کو دیکھنے والوں اور پسند کرنے والے بہت ہیں مختلف رنگوں اور اقسام کی سینکڑوں گاڑیوں کی نمائش شہریوں کو اچھی تفریح فراہم کر رہی ہے۔