کراچی (این این آئی)پاکستانی اداکار فواد خان کو ہندوستان کی قوم پرست جماعت مہاراشٹرا نونرمن سنہا (ایم این ایس) کی جانب سے دھمکیاں موصول ہونے کے بعد انڈین میڈیا نے فواد خان کی ہندوستان سے خفیہ روانگی کی بے بنیاد خبریں دیں، تاہم فواد خان تو کئی ماہ سے پاکستان میں ہی ہیں۔پی آئی اے کی کوئی پرواز دہلی یا ممبئی سے لاہور یا کراچی نہیں آئی، اس کے علاوہ لاہور ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ فواد خان ایئرپورٹ پر موجود نہیں تھے۔فواد خان کے منیجر نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ فواد خان گزشتہ ماہ سے اپنی اہلیہ صدف کے ساتھ پاکستان میں موجود ہیں اور ان کے گھر جلد دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔واضح رہے کہ ہندوستان کی قوم پرست جماعت مہاراشٹرا نونرمن سنہا (ایم این ایس) نے 23 ستمبر کو پاکستان کے 7 فنکاروں کو 48 گھنٹوں میں ہندوستان چھوڑنے کی دھمکی دی تھی جس کے بعد آج ہندوستانی میڈیا نے فواد خان کے متعلق یہ بے بنیاد خبر دی۔اس سے قبل سینئر ہندوستانی صحافی اور مشہور بلاگر سومیادپتا بنیرجی نے فواد خان کے نام ایک انتہائی تلخ کھلا خط تحریر کیا تھا جس میں انہوں نے فواد خان کو واپس پاکستان چلے جانے کا مشورہ دیا تھا۔کچھ اور رپورٹس کے مطابق فواد خان اپنی اگلی بولی وڈ فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کی تشہیر کے لیے ہندوستان نہیں تشریف نہیں لاسکیں گے، تاہم فواد کے منیجر کے مطابق ان کا شیڈول اب تک طے نہیں ہوا ہے اور اس کا فیصلہ وہ اپنی اہلیہ کی ڈلیوری کے بعد کریں گے۔