لاہور(این این آئی )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت گوادر میں خادم پنجاب بحریہ ماڈل سکول و کالج کے منصوبے پرکام کررہی ہے اور یہ منصوبہ بلوچستان کے علاقے گوادر کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی میں اہم کردارادا کرے گا،گوادر میں رہنے والے بچے بھی ہمارے اپنے بچے ہیں اوران بچوں کی تعلیم کے لئے گوادر میں اعلی معیار کا تعلیمی ادارہ بنایا جارہا ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے یہ بات ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی،جس میں گوادر میں تعمیر ہونے والے خادم پنجاب بحریہ ماڈل سکول و کالج کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب حکومت نے اپنے تعلیمی پروگراموں میں تمام صوبوں ،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بچوں کو شامل کیا ہے اورحکومت پنجاب کے اس اقدام سے قومی یکجہتی،بھائی چارے اوراخوت کا پیغام عام ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ گوادر میں تعمیر ہونے والے خادم پنجاب بحریہ ماڈل سکول وکالج کے منصوبے پر اعلی کوالٹی کا کام یقینی بنایا جائے گا۔صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد ،نیول کمانڈربلوچستان کوسٹ گوادر،کموڈوراکبر نقی،سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، سیکرٹری پی اینڈ ڈی اورمتعلقہ حکام ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔