بیجنگ(آئی این پی)چینی فضائیہ نے کہا ہے کہ بحیرہ جنوبی چین میں چینی جنگی طیاروں کی معمول کی پروازیں جنگی تیاریوں کو بہتر کے لئے کی جا رہی ہیں ۔چینی فضائیہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بحیرہ جنوبی چین میں H-6کے بمبار طیاروں سمیت دیگر لڑاکا طیارے اور ٹینکس بھی معمول کی مشقوں میں حصہ لینے کے لئے بھیجے گئے ہیں ۔ چینی فضائیہ کا یہ عزم ہے کہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر جنگی تیاریوں کو بہتر بناتے ہوئے قومی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بحیرہ جنوبی چین میں مستقل فضائی مشقیں بھی کی جائیں گی۔چینی حکام کی جانب سے وضاحت کے باوجود بھارتی مبصرین اور میڈیا اسے پاک بھارت کشیدگی کے ساتھ جوڑ رہے ہیں ، بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی میں اضافے کے اس موقعے پر چین کی جانب سے فضائیہ اورٹینکوں کوحرکت میں لانے کا کوئی جواز نہیں بنتا اور یہ صرف اور صرف پاکستان کی حمایت کے لئے کیاگیا ہے۔