کراچی(این این آئی) بھارتی میں پاکستانی فنکاروں کو دھمکیاں ملنے کا عمل جاوید شیخ اور فخر عالم نے شرم ناک قرار دے دیا، جاوید شیخ نے کہا کہ ہمارے ہاں آنے والے بھارتی مہمان خوش ہوکر جاتے ہیں۔اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں میزبان ماریہ میمن سے بات کرتے ہوئے اداکار جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ اداکاروں کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، پاکستانی سنیماؤں میں آج بھی بھارتی فلمیں دکھائی جاتی ہیں،ماضی میں بھی اداکاروں کو ایسی دھمکیاں ملتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں آنے والے بھارتی اداکارہ مہمان نوازی سے خوش ہو کر جاتے ہیں اور ان سے کسی قسم کا تعصب نہیں برتا جاتا۔ فنکاروں کو دھمکیاں ملنے اور فلمیں ریلیز نہ کرنے کے بیانات پر گلوکار فخر عالم نے کہا کہ بھارت کا یہ رویہ انتہائی اوچھااور لچے و لفنگے والا ہے، جوہری طاقتیں رکھنے والی حکومتیں ایسا گھٹیا رویہ اختیار نہیں کرتیں لیکن بھارتی کا ہمیشہ سے یہ اوچھا ہتھکنڈا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی فنکار ماضی میں بھی کئی بار گئے اور انہیں ایسی ہی دھمکیاں ملیں، کرکٹ کے معاملے پر بھارت نے ہمیں کیسا نقصان پہنچایا یہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، یہ بھارت کی سوچ ہے کہ ایسی دھمکیوں سے وہ ہمیں خوف زدہ کرے گا، ایسی دھمکیوں سے وہ اپنا ہی نقصان کرے گا۔