کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنماء اور قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کو 5 گھنٹے بعد رہا کردیا گیا۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر نے ایم کیو ایم رہنماء خواجہ اظہار الحسن کی رہائی کی تصدیق کردی، انہیں راؤ انوار نے گھر کے باہر سے انتہائی تضحیک آمیز انداز میں گرفتار کیا تھا، جس کی اعلیٰ حکام سے اجازت بھی نہیں لی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق خواجہ اظہار الحسن کی تین مقدمات میں باقاعدہ گرفتاری ڈال دی گئی تھی، ضروری قانونی کارروائی کے بعد ان کی رہائی عمل میں آئی، وہ اس وقت کراچی پولیس چیف کے دفتر میں موجود ہیں جہاں سے وہ متحدہ کے عارضی مرکز جائیں گے۔قانونی تقاضے پورے کئے بغیر خواجہ اظہار الحسن کی گرفتاری کا وزیراعظم نواز شریف وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نوٹس لیا تھا، وزیراعلی سندھ نے فوری طور پر ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو معطل کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنماء کی رہائی کا حکم دیا تھا۔