مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے فلسطینیوں کے ساتھ جذبہ خیرسگالی کے تحت فلسطینی شہداء اور اسیران کے ایک ہزار لواحقین کے ریاض حکومت کی میزبانی میں حج کے انتظامات کا حکم دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ حسب روایت فلسطینی شہداء اور اسیران کے ایک ہزار اہل خانہ کے لیے سنہ 1437کے حج کے موقع پر سرکاری اخراجات پر حج کااہتمام کریں۔دریں اثناء خادم الحرمین خصوصی حج پروگرام کے انچارج اور وزیر برائے مذہبی امور ودعوت ارشاد الشیخ صالح بن عبدالعزیز بن محمد آل الشیخ نے شاہ سلمان کی طرف سے ایک ہزار فلسطینیوں کے حج کا حکم دینے پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ الشیخ صالح الشیخ کا کہنا تھا کہ شاہ سلمان کا مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اخوت و محبت کا جذبہ قابل تحسین ہے۔ اسلام کے پانچویں رکن کی ادائیگی میں فلسطینیوں کو شامل کرکے شاہ سلمان نے ثابت کیاہے کہ وہ فلسطینی قوم سے گہری ہمدردی رکھتے ہیں۔سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ شاہ سلمان کی طرف سے ہرسال فلسطینی شہداء اور اسیران کے اہل خانہ کے لیے خصوصی حج کا اہتمام کرانا فلسطینیوں کو ایک نیا ولولہ اور حوصلہ فراہم کرنے کا موجب بن رہا ہے۔ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ سعودی حکومت مظلوم فلسطینی بھائیوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے کس طرح کوشاں ہے۔