کراچی(این این آئی)کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے دفاتر مسمار کرنے کا سلسلہ جاری ہے، پی آئی بی کالونی میں واقع چاندنی چوک پر ایم کیو ایم کا دفتر مسمار کردیا گیا تو نامعلوم افراد نے لوٹ مار شروع کردی، جو سامان ہاتھ لگا لے کر چلتے بنے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی چاندنی چوک پر غیر قانونی زمین پر قائم متحدہ کا دفتر مسمار کردیا گیا، انتظامیہ تو اپنی کارروائی کے بعد چلتی بنی تاہم نامعلوم افراد نے دفتر کے ملبے سے قیمتی سامان اٹھانا شروع کردیا۔ایم کیو ایم دفتر سے لوٹ مار کرنے والے بوریاں بھی اپنے ساتھ لائے، جس کے جو ہاتھ لگا لے گیا، کسی نے کرسی اور بلب اٹھا ئے تو کوئی ٹنکی کسی نے سریا نکال لیا، کوئی پنکھے، ٹیوب لائٹیں اور فون سیٹ لے کر چلتا بنا۔واضح رہے کہ متحدہ قائد کی پاکستان مخالف تقریر کے بعد ڈاکٹر فاروق ستار سمیت کراچی میں موجود رہنماؤں نے لندن قیادت سے لاتعلقی کا اظہار کردیا تھا