نیویارک(آئی این پی) اقوام متحدہ نے پاکستان میں موجود افغان مہاجرین کیلئے ہیلپ لائن قائم کردی، جس نے پشاور سے باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سے افغان مہاجرین کی واپسی کا طریقہ کار تبدیل کردیا گیا، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے ہدایت نامہ جاری کردیا اور پاکستان میں موجود افغان مہاجرین کے لئے موبائل ہیلپ لائن بھی قائم کردی گئی ہے۔ادارے نے پاکستان بھر میں مختلف موبائلز نمبرز جاری کئے ہیں، یو این ایچ سی آر کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین وطن واپسی سے متعلق ٹیلی فون کرکے پہلے معلومات حاصل کریں، ادارے کی جانب سے تاریخ دیئے جانے کے بعد مہاجرین وقت کی پابندی کریں اور سامان کے ہمراہ دفتر آئیں۔اس سے قبل عالمی ادارے یو این ایچ سی آر نے پاکستان میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو وطن واپسی کی ترغیب دینے کیلئے پرکشش مراعات دینے کا اعلان کردیا ہے، یو این ایچ سی آر کا کہنا تھا کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین جو رضاکارانہ طور پر اپنے وطن واپس جانے کے خواہاں ہو، انہیں اضافی تین سو پچاس ڈالر دیئے جائیں گے۔