لاہور ( این این آئی) لاہور ایئرپورٹ سے دو کلو سونا سمگل کرنے کی کوشش کے دوران گرفتار ہونے والی پی آئی اے کی ایئر ہوسٹس نے کسٹمز حکام کی ابتدائی تفتیش میں اعتراف جرم کر لیا، سونا سمگلنگ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ سے رنگے ہاتھوں گرفتار ہونے والی پی آئی اے کی سینئر ایئرہوسٹس نزہت بخاری نے کسٹمز حکام کو تفتیش کے دوران سمگلنگ کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور سے روانگی سے ایک رات پہلے اس نے ہوٹل کے کمرے میں معظم نامی شخص سے جیولری وصول کی جس سے پہلی ملاقات برطانیہ میں ہوئی اور اسی ملاقات کے دوران سونا سمگلنگ کا پلان بھی تیار کر لیا گیا۔نزہت بخاری نے بتایا کہ سونا اسمگل کرنے کے عوض معظم نے اسے طے شدہ معاہدے کے تحت برطانوی پاؤنڈز میں بھاری رقم ادا کرنی تھی لیکن وہ لاہور میں ہی پکڑی گئی۔ کسٹمز حکام نے نزہت بخاری کو سونا فراہم کرنے والے سونے کے تاجر معظم اور اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔کسٹمز حکام نے پی آئی اے انتظامیہ سے نزہت بخاری کی بیرون ملک پروازوں کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے تاکہ نزہت بخاری کی اس سے پہلے کی جانے والی ممکنہ سمگلنگ کو حقائق کی روشنی میں بے نقاب کیا جا سکے جبکہ اس کے خلاف سونا سگلنگ دفعات کے تحت مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے ۔