کراچی (آئی این پی)کراچی میں ایم کیو ایم کے مختلف علاقوں میں واقع سیکٹرز آفس کو سیل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔مختلف کارروائیوں میں 50سے زائد کارکنان اور عہدے داروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔رات گئے رینجرز اور پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں میں واقع رینجرز کے سیکٹرز آفس پر چھاپہ مارا اور تلاشی لی گئی۔متحدہ کے لیاری سیکٹر، رنچھوڑ لائن سیکٹر، برنس سیکٹر، پی آئی بی سیکٹر، سوسائٹی، محمود آباد، ڈیفنس، گلبہار، ناظم آباد سیکٹر، نیو کراچی سیکٹر، سرجانی سیکٹر، گلشن سیکٹر، گلستان جوہر سیکٹر، عزیز آباد سیکٹر، لیاقت آباد سیکٹر اورملیر سیکٹر کو بھی سیل کردیا۔ کارروائیوں کے دوران دفاتر میں موجود کمپیوٹر اور دستاویزات کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائیوں میں 50 سے زائد کارکنان اور عہدیداروں کو گرفتار کرلیا ہے۔حیدرآباداور ٹنڈو الہیار میں میں پولیس اوررینجرز کابھائی خان چاڑی پرایم کیوایم زونل آفس پرچھاپہ مارا اور تلاشی کے بعد زونل آفس کو سیل کردیاگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ایم کیوایم سیکریٹریٹ اور میڈیا سینٹر کو بھی سیل کردیا گیا ہے۔اس کے علاوہ حیدرآباد میں ہی لبرٹی چوک اورلیاقت کالونی میں ایم کیوایم دفاترسیل کیئے گئے ہیں۔ٹنڈوالہ یارمیں بھی اے سیکشن تھانے کی حدود میں ایم کیوایم دفترپرپولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی تاہم پولیس کے پہنچنے سے قبل زونل آفس کو تالے لگادیے گئے اور یہاں سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے۔