اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف فاؤنڈرگروپ نے چار رکنی رابطہ کمیٹی تشکیل دے دی ۔رابطہ کمیٹی پی ٹی آئی فیڈرل کیپٹل کے بانی جنرل سیکرٹری جاوید انتظار ، بانی صدر یوتھ اسلام آباد یاسرنسیم خان ، جاوید اقبال محسود اور محمود خان پر مشتمل ہے ۔رابطہ کمیٹی پہلے مرحلے میں اسلام آباد کے دیہی وشہری علاقوں میں تحریک انصاف کے پرانے اور نظریاتی کارکنوں سے رابطے بحال کرے گی ۔اس ضمن میں تنظیمی حکمتِ عملی اورلائحہ عمل کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔یہ فیصلے پاکستان تحریک انصاف فاونڈر گروپ کے رکن محمود خان کی رہائشگاہ پر ہونے والے مشترکہ اجلاس میں کیے گئے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جاوید انتظار نے کہا کہ عمران خان نے پارٹی آئین معطل کرکے کارکنوں کی حق تلفی کی ۔ہمارا ایجنڈا تحریک انصاف کے اندر جمہوریت اوراحتساب کا قیام ہے ۔بیس سال گزرنے کے باوجود تحریک انصاف جمہوری ادارہ نہ بن سکی ۔جسکی تمام ذمہ داری عمران خان پر عائد ہوتی ہے ۔یاسر نسیم خان ، جاوید اقبال محسود اور محمود خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اپنے اصل منشور سے ہٹ چکی ہے ۔اقدار کی سیاست کی جگہ اقتدار کی سیاست نے لے لی ہے ۔تحریک انصاف نظریاتی جماعت بننے کی بجائے متفرق الخیال سیاسی نظریات کے حامل لوگوں کی آماجگاہ بن چکی ہے ۔ہم حکومت احتساب تحریک کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔تاہم ترجیہی بنیادؤں پر پی ٹی آئی کے اندر جمہوریت اور احتساب کا عمل بحال کیا جائے ۔