کراچی(این این آئی) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیر کو کراچی میں ہونے والے پرتشدد واقعات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ پولیس کو ہدایت کی کہ شرپسندوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ایم کیو ایم کے مشتعل کارکنوں کی جانب سے ٹی وی چینلز کے دفاتر پر حملوں کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے کہا کہ ٹی چینلز کے دفاتر کو فوراً سکیورٹی فراہم کی جائے اور شرپسند عناصر کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ان واقعات کی سخت مذمت کی اور کہا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام اقدامات کرے گی ۔ انہوں نے فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیا ۔