اسلام آباد(این این آئی) ترجمان دفتر خارجہ نے ترکی کے شہر دیار باقر اور الازیغ میں ہونے والے خودکش حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے اپنے بیان میں گزشتہ روز ترکی کے 2 شہروں دیار باقر اور الا زیغ میں ہونے والے خودکش حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان دہشت گردی کی تمام اقسام کی مذمت کرتی ہے اور حملوں میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین اور ورثا کے ساتھ کھڑے ہیں۔دفترخارجہ نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی میں بہت نقصانات اٹھائے اور ہزاروں جانوں کی قربانی دی ہے ہمیں علم ہے کہ اس طرح کے واقعات کا کس قدر دکھ ، غم اور نقصان ہوتا ہے پوری پاکستانی قوم دکھ کی اس گھڑی میں ترک عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ پاکستانی اور ترک بہادر عوام دہشت گردی کی لعنت کو شکست دینے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔