اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)اللہ تعالیٰ نے سبزیوں کی شکل میں ہمیں بہت سے نعمتوں سے نوازا ہے۔ ان میں سلاد بھی شامل ہے، جو صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔ سلاد گاجر، کھیرا، مولی، ٹماٹر اور سلاد کے پتوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس میں شلجم اور ککڑی بھی شامل کی جاسکتی ہے۔اللہ تعالیٰ نے سبزیوں کی شکل میں ہمیں بہت سے نعمتوں سے نوازا ہے۔ ان میں سلاد بھی شامل ہے، جو صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔ سلاد گاجر، کھیرا، مولی، ٹماٹر اور سلاد کے پتوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس میں شلجم اور ککڑی بھی شامل کی جاسکتی ہے۔ عام طور پر سلاد کھیرا، ٹماٹر، پیاز اور سلاد کے پتوں سے بنایا جاتا ہے۔ سلاد میں لحمیات (پروٹینز) حیاتین (وٹامنز) اور معدنیات (منرلز) ہوتی ہیں ، جو اچھی صحت کے لیے بہت ضروری ہیں۔ تازہ سبزیاں غذائیت اور حیاتین سے بھرپور ہوتی ہیں۔ سبزیوں کو اگر سلاد کی شکل میں کھایاجائے تو زیادہ مفید ہیں، اس لیے کہ پکی ہوئی سبزیوں کی نسبت کچی سبزیاں زیادہ فائدہ پہنچاتی ہیں۔ سلاد کھانے سے آپ بہت سی بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں۔ کھانے کے ساتھ روزانہ سلاد ضرور کھائیں۔ بعض افراد کو وقت بے وقت بھوک ستاتی ہے، ایسی صورت حال میں اگر وہ سلاد کھائیں تو نہ صرف ان کا پیٹ بھر جائے گا، بلکہ صحت مند بھی رہیں گے۔ سلاد کھانے سے وزن میں اضافہ نہیں ہوتا۔ یہ حیاتین کی کمی کو دور کرتا ہے۔ جو افراد اپنا وزن کم کرنا چاہتے ہیں،ا نھیں چاہیے کہ وہ کھانا کم اور سلاد زیادہ کھائیں۔ جدید تحقیق کے مطابق تازہ کچی سبزیاں ، خاص طور پر بندگوبھی زیادہ کھانے چاہیے، کیوں کہ اس میں صحت بخش اجزا زیادہ ہوتے ہیں۔ سلاد میں بندگوبھی بھی ڈالنی چاہیے، چکنائی سے پاک سلاد جسم کو توانا رکھتا ہے۔ سلاد کھانے سے کولیسٹرول قابو میں رہتا ہے۔ سلاد میں ریشہ، فولاد اور کیلسئیم کی بھی اچھی خاصی مقدار ہوتی ہے۔ تازہ سبزیوں سے بنا ہوا سلاد دل کی تکلیف کو کم کرتا اور بلڈ پریشر کو قابو میں رکھتا ہے۔ سلاد ایک ایسی ہلکی پھلکی غذا ہے، جو جسم کو توانائی اور غذائیت فراہم کرتی ہے۔ سلاد کے علاوہ ہمیں پھل بھی کھانے چاہییں۔ روزانہ کوئی ایک پھل ضرور کھائیے۔ روزانہ سبزیاں اور پھل کھانے سے ہم ذیابیطس اور سرطان کے خطرات سے بھی بچے رہتے ہیں۔ غذا کے ماہرین کہتے ہیں کہ سبزیوں میں گہرے رنگ کی سبزیاں صحت کے لیے زیادہ مفید ہوتی ہیں، اس لیے ہمیں روزانہ گہرے رنگ کی کوئی ایک سبزی ضرور کھانی چاہیے۔ ذیابیطس کے مریض گہرے رنگ کی سبزیوں کی مدد سے حرارے (کیلوریز) بلڈپریشراور خون میں شکر کی مقدار کو کم کرسکتے ہیں۔ ان سبزیوں میں ایسے اجزا زیادہ مقدار میں ہوتے ہیں، جو بیماریوں سے بچاتے ہیں۔ بہتر ہوگا کہ ان سبزیوں کو کچا کھایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ فائدے حاصل کیے جاسکیں۔ گاجر، کھیرا، ٹماٹر، ککڑی، مولی، شلجم اور اس کے پتے، بندگوبھی، سلاد کے پتے، ہری پیاز اور ہری مرچ کچی کھانا زیادہ مفید ہے۔