اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی رہنما مائزہ حمید نے کہاہے کہ قومی شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق سے دہشتگردی کی سر گرمیوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ریڈیو ہاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ کوئٹہ میں رونما ہونے والے حالیہ واقعے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ایک سنجیدہ مسلہ ہے ۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو دہشتگردی سے پاک ملک بنانے کے لئے پر عزم ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے دہشتگردی کے مکمل خاتمہ کے لئے اعلی سطحی ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جو نیشنل ایکشن پلان کی نگرانی کرے گی۔مائزہ حمید نے کہاہے کہ سم کارڈ کی تصدیق پہلے ہی کی جاچکی ہے تاہم اب شناختی کارڈ کی دوبارہ تصدیق کا عمل شروع کیا جا رہا ہے جس سے دہشتگردی کی سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل ( ر) معین الدین حیدر نے کہاکہ ٖفاٹا اور چند دیگر علاقوں میں کامیاب آپریشن کی وجہ سے دہشتگردی میں نمایاں کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل طور پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا ہے تاہم حالات کے مطابق اس پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔