ملتان(آئی این پی)ملتان میں دو مختلف واقعات میں شہریوں نے خاتون سمیت دو مبینہ اغوا کاروں کو پکڑ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ملتان میں مبینہ اغوا کار خاتون پکڑے جانے کا پہلا واقعہ پیراں غائب روڈ پر پیش آیا جہاں علاقہ کے لوگوں نے الزام عائد کیا کہ ایک خاتون 8 سالہ بچے کو اغوا کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ شہریوں نے خاتون پرتشدد کیا کہ اس کی ٹانگیں ٹوٹ گئی ۔موقع پر موجود تھانہ ستیل ماڑی کی پولیس نے خاتون کو نشتر اسپتال منتقل کر دیا۔دوسرا واقعہ تھانہ نیو ملتان کے علاقہ میں پیش آیا جہاں ایک مرد مبینہ اغوا کار شہریوں کے ہتھے چڑھا اورسیکڑوں شہریوں نے اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔دریں اثناء ڈکیتی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے جانے والی پولیس ٹیم کو شہریوں نے اغواکار سمجھ کرتشدد کا نشانہ بناڈالا۔ذرائع کے مطابق ملتان کے علاقہ چونگی نمبر01میں پولیس ٹیم ڈکیتی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے گئی تھی کہ شہریو ں نے اہلکاروں کواغواکارسمجھ کرتشددکانشانہ بناڈالا۔شہریوں نے پولیس کی گاڑی کوبھی نقصان پہنچایا۔