اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر کے چیئر مین اور مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی ملک ابرار نے کہا ہے کہ قائد حزب اختلاف خورشیدشاہ (ن) لیگ کو مشورے دینے کی بجائے اپوزیشن کی آستینوں میں چھپے سانپوں پر نظر رکھیں تو ملک و قوم کے مفاد میں بہتر ہوگا کیونکہ بعض عناصر اپوزیشن کے سہارے میں ملک کو تعمیر و ترقی کی پٹری سے اتارنا اور اقتصادی راہداری منصوبے کو ناکام بنا نا چاہتے ہیں۔وہ جمعرات کو قائد حزب اختلاف کی جانب سے وزیرداخلہ چوہدری نثار پر تنقید پر رد عمل کا اظہار کر رہے تھے۔ا نہوں نے کہا کہ چوہدری نثار (ن) لیگ کا دماغ اور اہم رہنما ہیں، انکی بطور وزیر داخلہ کارکردگی سے اپوزیشن حسد کا شکار ہے کیونکہ امن و امان کیقیام اور دیگر حکومتی کامیابیوں میں میاں نواز شریف کی قیادت میں چوہدری نثار کا اہم کردار ہے۔ اپوزیشن کے قائدین وزیر داخلہ کی عوامی مقبولیت اور کارکردگی سے خائف ہیں۔ اس لئے وہ حکومت (ن) لیگ اور نوا زشریف کے مخالفین کی آنکھوں میں کھتکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوا زشریف کو وزیر داخلہ کی کارکردگی ‘ وفاداری پر مکمل یقین ہے اور چوہدری نثار بھی میاں نوا زشریف کی قیادت پر غیر متزلزل یقین رکھتے ہیں۔ قائد حزب اختلاف یہ تاثر پیدا کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گے کہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے موقف یا ر ائے میں کوئی اختلاف ہے۔ چوہدری نثار اپنی کارکردگی اور حکومتی تعمیر و ترقی جیسے اقدامات سے آنے والے دنوں میں بھی اپوزیشن کے سینے پر مونگ دلتے رہیں گے۔ حسد کا کوئی علاج نہیں ا س لئے جلنا ان کا نصیب ہے۔