کانپور(نیوز ڈیسک) بھارت میں ایک جوڑا شادی کے بندھن میں اس لئے نہیں بندھ سکا کیوں کہ لڑکا اور لڑکی کی بھارتی وزیراعظم سے متعلق علیحدہ علیحدہ رائے تھیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق کانپور میں ایک ذاتی کاروبارکرنے والے لڑکے کی سرکاری ملازمت کرنے والی دوشیزہ سے شادی طے پائی۔ شادی سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کے لیے دونوں نے مندر میں ملاقات کی تاکہ بقیہ امور طے پائے جاسکیں۔دونوں کے درمیان بات چیت بہتر انداز میں جاری تھی کہ ملک میں معاشی بدحالی کا موضوع چھڑا۔ سرکاری ملازم لڑکی کا خیال تھا کہ مودی جی کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی معاشی حالت خراب ہے جبکہ ذاتی کاروبار کرنے والے لڑکے کا کہنا تھا کہ مودی جی ملک کے معاشی عدم استحکام کے ذمہ داری نہیں۔ بات چیت اتنی بڑھی کہ سخت لفظوں کے تبادلے کے بعد دونوں نے اس رشتے کو جوڑنے سے انکار کردیا۔دونوں نے اپنے اہل خانہ کو اپنے اس فیصلے سے آگاہ کردیا کہ وہ یہ شادی نہیں کرسکتے۔