اسلام آباد(آن لائن) سارک وزرائے داخلہ کانفرنس کے دوران پاک بھارت وزرائے داخلہ کے درمیان سرد مہری برقرار ہے اور دونوں وزرا ء کے درمیان رسمی مسکراہٹ کا تبادلہ بھی نہیں ہوا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کانفرنس میں بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ بھی شریک ہیں، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کانفرنس سے قبل دیگر ممالک کے وزرائے داخلہ کی طرح راج ناتھ سنگھ سے بھی صرف مصافحہ کیا لیکن ایک ہی میز پر براجمان ہونے کے باوجود دونوں کے درمیان رسمی مسکراہٹ کا بھی تبادلہ ہوا اور نہ ہی رسمی ملاقات ہو سکی ۔واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم، کل بھوشن یادیو کی گرفتاری اور پاکستان میں ’’را‘‘ کی کارروائیوں کے واضح شواہد کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں کشیدگی برقرار ہے اور اس کا اثر اسلام آباد میں ہونے والی سارک وزرائے داخلہ کانفرنس میں بھی دیکھا گیا ہے۔